پاکستان میں لسانی و نسلی شناخت کی متقاطعیت یا انٹرسیکشنالیٹی
ڈاکٹر عاکف خان
سب سے بڑا مسئلہ پاکستان میں زبانوں کا یہ ہے کہ لائنیں کلیئر نہیں ہیں۔ اس کو تنوع کہیں یا خوبصورتی لیکن مسئلہ تب اجاگر ہوتا ہے جب شناختی سیاست اجاگر ہوتی ہے، اسے کوئی خود کرے یا وہ خود ہو وہ بہرحال اپنی جگہ موجود ہے اور اس منہ نہیں موڑا جا سکتا۔ یہ اچھی بات ہے یا بری یا یہ لائنیں کلیئر کی جا سکتی ہیں، چلیے دیکھتے ہیں۔
اس مسئلے پر بات نہیں کی جاتی جس کی دو بڑی وجوہات سمجھی جاتی ہیں۔ ایک یہ ہے کہ مقتدرہ ناراض ہو گی یا نسل پرست دوسری یہ کہ مرکز کا کنٹرول کمزور پڑے گا۔ لیکن یہ بلی کو دیکھ کر کبوتر کی آنکھیں بند کرنے والی بات ہے۔ پچھلے دنوں مریم نواز نے صوبہ ہزارہ کی بات کی تو ایمل ولی نے نعرہ لگایا کہ یہ صوبہ سرحد کو تقسیم کرنے کی سازش ہے۔ صوبے بنانا پنجاب سے شروع کریں۔ جب پنج آب سے یہ بات شروع کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تو یہی عذر سامنے آتا ہے کہ پنجاب کو تقسیم کرنے کی سازش ہے۔ بھارت میں آدھا پنجاب رہ گیا تھا جسے انہوں نے مزید صوبوں میں تقسیم کر دیا، کیا اس سے پنجاب تقسیم ہو گیا؟
خیر شناخت کی طرف آتے ہیں۔ یہ ایک انتہائی پیچیدہ اور انٹرسیکشنل معاملہ ہے جس کے لیے لائنیں نہیں کھینچی جا سکتیں۔ جیسے پختون نیشنلسٹوں کا دعوی ہے کہ ہزارہ میں ہندکو بولنے والے پختون آباد ہیں جبکہ پشتو بولنے والوں کی بھی کثیر تعداد ہے۔ پنجابی نیشنلسٹوں کا دعوی ہے کہ ہندکو، پہاڑی اور پوٹھوہاری پنجابی کے لہجے ہیں۔ اب پہلے یہی طے نہیں ہو سکتا کہ یہ نسلی شناخت ہے یا لسانی۔ صوبہ سرحد میں پشتو بولنے والوں کو پختون یا پشتون سمجھا جاتا ہے۔ اے این پی کے دوست کہتے ہیں کہ پختون علاقوں میں بسنے والے سب پختون ہیں۔
اب اگر پہلی بات درست ہے تو ہزارہ میں بسنے والے ہندکو سپیکنگ نسلا پختون پختون کہلائیں گے اور اگر دوسری بات درست ہے تو کیا پنجاب میں بسنے والے آفریدی، کاکڑ اور نیازی پختون نہیں کہلائیں گے؟ اسی طرح اگر ہزارہ میں بانے والے پختون ہندکو بول رہے ہیں اور اگر ہندکو پنجابی کا لہجہ ہے اور الگ زبان نہیں ہے تو کیا وہ پختون پنجابی ہو گئے؟ کیا پنجاب میں بسنے والے پختون نسلا پنجابی ہیں اگر وہ پنجابی مادری زبان کے طور پر بولتے ہیں؟ اسی طرح نسلا بلوچ سرائیکی بولنے والے بھی ہیں اور سندھی بولنے والے بھی، پختون بھی سندھی بولنے والے ہیں، انہیں کیا کہا جائے گا؟ یو کے میں پیدا ہونے والا پاکستانی بچہ جو صرف انگریزی سمجھتا اور بولتا ہے، کیا وہ انگریز ہو جائے گا؟
اے این پی کی مرکزی قیادت میں بلور خاندان پیش پیش ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ وہ پشاور کے ہندکو سپیکرز ہیں۔ کیا وہ پنجابی ہیں یا پختون ہیں۔ اسی طرح کراچی میں مہاجروں کو اردو سپیکر کہا جاتا ہے مگر ان میں گجراتی، بنگالی، پنجابی اور کئی دوسری زبانیں بولنے والے لوگ بھی موجود ہیں۔ سب مہاجر یو پی سے نہیں آئے۔
ایک اور مسئلہ یہ ہے کہ زبان ایک دم تبدیل نہیں ہوتی۔ جنوب کی سرائیکی مختلف ہے، ڈی آئی خان کی مختلف۔ پنجابی شمال میں جاتے جاتے پوٹھوہاری اور ہندکو کے نزدیک ہو جاتی ہے اور جنوب میں سرائیکی سے ملتی جلتی ہے۔ ہری پور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ کی ہندکو ایک دوسرے سے بھی مختلف ہے اور مغرب میں موجود تناول اور مشرق میں موجود گلیات کی ہندکو سے بھی۔ شنکیاری، بفہ، ڈوڈھیال اور چھتر میں ہندکو اور پشتو مکس بولی جاتی ہے۔ ایبٹ آباد، حویلیاں اور ہری پور کے نسلا پختون لوگوں کی ہندکو میں پشتو کے الفاظ اور چھاپ ہیں اور ان کی ہندکو ہزارہ کے قدیم قبائل جیسے گجر، عباسی، کڑلال، مغلوں اور اعوانوں سے تھوڑی مختلف ہے، جبکہ کلچر بھی کافی مختلف ہے۔
کیا صوبے بنانے سے شناخت کا یہ انٹرسیکشنکل شناختی مخمصہ حل ہو سکتا ہے؟ اس کا ایک سادہ حل ہے جو کہ کوئی بھی ماننے کو تیار نہیں۔ وہ یہی ہے کہ جو خود کو جو سمجھتا ہے سمجھنے دیجیے۔ کسی کو زبردستی نہ اپنے میں شامل کریں نہ کسی کو زبردستی اپنے میں سے نکالیں۔ تو عرض ہے کہ یہ انٹرسیکشنل شناخت ہے۔ اپنی زبان اور بولی کو منانے والے دن دوسروں کی بولیوں پر ڈاکے نہ ڈالیں، اپنی زبان اور کلچر کو منائیں، پھر کسی کو کسی پر تنقید یا ایک الزام کے تحت “مذاق اڑانے” کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔
(ڈاکٹر عاکف خان)
No comments:
Post a Comment