ڈاکٹر عاکف خان
اگر اس منطق سے جائیں کہ سب لہندا اور چڑھدا لہجے ہیں اور سب پنجابی ہی کے لہجے ہیں تو پھر زبانیں تاریخ میں کبھی جدا نہ ہوں نہ ان کا ارتقاء ہو۔ دری اور فارسی، پرتگالی اور ہسپانوی، ہندی اور اردو حتی کہ سرائیکی اور سندھی میں بھی اتنی مشابہت ہی ہے۔
یہ فیصلہ کرنا کہ کس کی زبان الگ ہے یا نہیں یہ عوام کا ہوتا ہے مرکز کا نہیں۔ یہ مرکزیت کی سیاست مقتدرہ کی سیاست ہے۔ اس سے حتی الامکان بچنا ہی چاہیے۔ وزیرستان کی پشتو بٹگرام کے پشتون کو سمجھ نہیں آتی، مگر پھر بھی وہ پشتو ہے۔ کیوں؟ کیونکہ وزیرستان والا بھی اسے پشتو ہی کہتا ہے اور بٹگرام والا بھی۔ اسی طرح ہرات میں دری بولنے والوں کو کبھی تہران سے کسی نے نہیں دھمکایا کہ یہ تو فارسی کا لہجہ ہے، تم گستاخ نے اس کو الگ زبان کیوں بولا؟ اور کیا مجال ہندکو سرائیکی پہاڑی پوٹھوہاری غلام قوموں اور غلام لہجوں کی کہ پنجابی کے تسلط کو چیلنج کریں۔ بہت بری بات۔ اپنی اوقات میں آ جائیں۔ ہمیں زیادہ پنجابی لوگ اور علاقہ چاہیے۔ زبردستی کوئی کسی شناخت میں شامل ہو سکتا ہے بھلا؟ کتنی مضحکہ خیز بات ہے۔
ایک اعتراض ہے کہ ہندکو سرائیکی بولنے والا کینیڈا جا کر خود کو پنجابی کہتا ہے کیونکہ وہاں اسے سکھ کمیونٹی کا “آشیرباد” چاہیے۔ جس کو جس زبان سے فائدہ ہو گا وہ بولے گا۔ اس میں برا منانے والی کون سی بات؟ مجھے لگتا ہے کہ کوئی خوش ہوتا ہے اچھا دوستانہ ماحول پیدا ہوتا ہے میں اس کے ساتھ اس موقع کے حساب سے چینی، اردو، پنجابی، سرائیکی، انگریزی، ٹوٹی پوٹھی عربی فارسی ہسپانوی تک ٹھوک جاتا ہوں۔ ایسے ہی لوگ ایک دوسرے سے کمیونیکیٹ کرتے ہیں۔
کسی ہندکو والے نے فیسبک میں اصرار کیا کہ ہندکو کا اساں تساں والا لہجہ پنجابی ہے جو فیسبک کو اپنانا چاہیے تو ایک بہت پیارے دوست جو وہاں کام کرتے تھے انہوں نے بڑی مشکل سے سب کو سمجھایا کہ لاہور امرتسر والی پنجابی سٹینڈرڈ ہے۔ تو ایک تضاد تو یہیں پر آ گیا، ہندکو بولنے یا ہزارہ والے نے جب کہا کہ اس کی زبان پنجابی ہے تو آپ کو سٹینڈرڈ لہجہ یاد آ گیا کہ یہ وت، اساں، تساں، کرساں کہاں سے پنجابی ہو گئی؟ پہلے خود ہی اسے بتاتے ہیں کہ یہ پنجابی ہے۔ جب وہ کہہ رہا ہے یہ پنجابی ہے تو کہتے ہیں نہیں یہ پنجابی نہیں ہے یا اصل پنجابی نہیں ہے۔ یہیں سے دیکھ لیں تضاد۔ تضاد نہ بھی ہو، چلیں لہجہ ہی مان رہے ہیں مگر ایک کمتر اور غیر سٹینڈرڈ۔ تو اس سے بہتر نہیں اس کو الگ ہی زبان ماننے دیں یا پھر وہ برابری پر آ جائے گی اور فیسبک کو ہندکو کو الگ سے لانا پڑے گا؟ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ آپ ارادی طور پر ایسا کر رہے ہیں مگر یہی غیرارادی تعصب اور احساس برتری ہے پنجابی زبان اور سیاست کا جس کے باعث سرائیکی، پوٹھوہاری، پہاڑی اور ہندکو اپنی الگ لسانی شناخت پر مصر ہیں۔ آپ کھلم کھلا ڈیکلیئر کر دیں کہ یہ زبانیں الگ ہیں تا کہ کینیڈا میں بیٹھے سکھوں کو بھی علم ہو جائے کہ ہندکو پنجابی نہیں ہے۔ وہاں تو ایک پختون بھی سکھ کے ساتھ پنجابی ہی بول رہا ہوتا ہے، سکھ کو کوئی ٹینشن نہیں کہ اصلا پنجابی ہے یا یہ تو کشمیری بٹ ہے جو سو سال سے لاہور میں بسا ہے۔
نیشنلزم تو ایکسکلوزو اور پیوریٹن ہوتا ہے، یہ ریاستی ون یونٹ والا پنجابی نیشنلزم جو زبردستی سب کو ایک اور مرکز میں شامل کرنے کی کوشش کرتا ہے، اس کو کم از کم ہمارے پڑھے لکھے سمجھدار دوستوں کو سیکنڈ نہیں کرنا چاہیے۔ زبانوں کا ارتقاء بیشک ڈسکس ہونا چاہیے، پنجابی بھی کبھی سندھی کا لہجہ تھی مگر یہ حاکمیت، مرکزیت اور غیرضروری تسلط کوئی ترقی پسند اور ریشنل اپروچ نہیں ہے۔
اور کسی نے پنجابی کا مذاق نہیں اڑایا۔ یہ جذباتیت ہے۔ ایک سٹیٹ سپانسرڈ پراجیکٹ کا مذاق اڑایا گیا جو کہ بلوچوں اور پختونوں کے جائز مطالبات کو لسانیت کے نام پر کرش کرنے کے لیے بنا ہے۔ پنجابی زبان یا پنجابیوں کو کس سے خطرہ ہے؟
(ڈاکٹر عاکف خان)
اسی پر کچھ مزید کمنٹس جو فیسبک پوسٹس میں کیے گئے۔
سٹیٹ سپانسرڈ پنجابی نیشنلزم جس کے سربراہ عمار شاہ کاظمی پنجابی ہیں دنیا کا وہ واحد نیشنلزم ہے جو زبردستی دوسری قوموں اور زبانوں کو بھی اپنے اندر شامل کرنے پر مصر ہے۔
———————————
پختون نسل پرست ہزارہ والوں کو نفرت سے پنجابیان کہتے ہیں، پنجاب والے محبت سے۔ نہ یہ پورا چھوڑتے ہیں نہ وہ پورا اپناتے ہیں۔ بیچ میں چمگادڑ بنایا ہوا ہے۔ جب اپنی الگ شناخت کی بات کریں تو اے این پی والوں کو یاد آتا ہے کہ ہزارہ میں تو ہندکو بولنے والے نسلا پختون ہیں اور پنجابی نسل پرستوں کو یاد آتا ہے کہ ہندکو تو پنجابی کا لہجہ ہے۔ اجی جو پوٹھوہاری اور پہاڑی پنجاب میں آتے ہیں، ان کو تو پورا اور برابر کا پنجابی مانیے پہلے۔ پھر ہندکووانوں یا ہزارہ والوں کی باری آئے گی۔ سرائیکیوں سے بھی یہی مخمصہ ہے۔ یا تو پھر چھوڑیں سب فضول ایسی بحثیں، ہر ایک کو سمجھنے دیں جو وہ خود کو سمجھتا ہے۔ ڈائیورسٹی کو سیلیبریٹ کریں۔
——————————
سبحان احمد صاحب کا کمنٹ
پنجابی نیشنلسٹ اس ملک میں سب سے زیادہ مضحکہ خیز لوگ ہیں۔ پنجابی قوم پاکستان کی سب سے زیادہ پریولیجڈ قوم ہے اب وہ اپنے قومی حقوق کا مطالبہ کس سے کریں؟ اگر انکی زبان اپنا جائز مقام حاصل نہیں کر سکی تو اس کا گلہ وہ کس سے کریں؟ ایک بیرونی دشمن تو درکار تھا لہذٰا انہوں نے ہندوستانی اور افغانی مہاجروں کی صورت میں دو دشمن تلاش کیے جو مبینہ طور پر پنجابی قوم کے مفادات کو نقصان پہنچانے میں سب سے آگے ہیں۔ مزید ایک دشمن جنوبی پنجاب کے بلوچوں کی صورت میں دریافت ہوا جو پنجاب کی تقسیم کی سازشیں کر رہے ہیں۔
بجائے یہ کہ یہ اپنی زبان کی بحالی کے لیے کام کرتے، تراجم کرتے، ادب تخلیق کرتے، پنجابی میں معیاری فلمیں بناتے جو لبیکیوں کی مذہبی انتہا پسندی کو کاونٹر کرتی، یہ ایک فسطائی تحریک بننے کی جانب گامزن ہیں۔