Thursday, August 15, 2013

کیلے کی پٹائی

مبینہ کیلا حوالات جانے سے پہلے
۔(اسلام آباد، مملکت خداداد) کل ایک کیلے کو مسجد کے باہر بغیر چھلکے پڑا دیکھ کر مومنین نے مار مار کے اسکا شیک بنا ڈالا۔ کیلے نے مبینہ طور پر رمضان مبارک کی توہین کی تھی۔ اسلامی ملک میں رمضان المبارک کے تقدس کے لیئے خاص قوانین موجود ہیں۔ پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے جہاں ٪95 سے زائد آبادی مسلمان ہے۔ 80 کی دہائی  میں ان اسلامی قوانین کی تشکیل کے بعد ریاستی سرپرستی میں مومنین کو نصاب، نسیم حجازی کے ناولوں اور کوڑوں کی مدد سے ان قوانین کے بارے میں آگہی فراہم کی گئی تھی جس کی افادیت اس کیلے کے انجام سے واضح ہوتی ہے۔ کیلے کے خلاف تھانہ کوہکن میں احترام رمضان آرڈیننس مروجہ 1981، سیکشن4 اور پاکستان پینل کوڈ، دفعہ 295-الف کے تحت مسجد کے مولانا صاحب کی قیادت میں  ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہے۔


تاہم کیلے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک پرائمری سکول کی حدود میں تھا اور اس پر سیکشن 5 کے تحت سزا کا اطلاق نہیں ہوتا۔ موقع واردات پر موجود ایک کلین شیو نوجوان نے جب اسکو خدا اور کیلے کا معاملہ کہا تو اسے بھی اسلامی شعار کا مذاق اڑانے پر دھر لیا گیا۔ نوجوان کے خلاف بھی پی پی سی، دفعہ 295-الف کے تحت  الگ سےمقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ دونوں کو مرہم پٹی کے بعد الگ حوالات میں رکھا گیا ہے کیونکہ انہیں دوسرے مومنین قیدیوں سےجان کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

تھانہ انچارج نے اس موقعے پر ہمارے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سچے مسلمان ہیں اور اس کیس میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے  اپنے دو باغیرت سپاہیوں کا بھی تذکرہ کیا جنہوں نے پچھلے سال دو نوجوانوں کو حرمت رمضان پامال کرنے پر بیلٹوں سے پیٹا تھا۔باغیرت پولیس والوں کے بارے میں پڑھنے کے لیئے نیچے والے لنک پر کلک کریں۔


No comments: